اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں تیل کی کھپت کی مستقل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر حکمت عملی کی وجہ سے خطے میں کشیدگی کے باوجود کوئی بحران پیدا نہیں ہوا، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو اپنی زیر صدارت خطے میں کشیدگی کے
پیش نظر ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملک میں تیل کی کھپت کی مستقل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی کھپت اور ذخائر کی مستقل نگرانی اور بہتر حکمت عملی کی وجہ سے خطے میں کشیدگی کے باوجود تیل کی کمی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے جو اقدامات کیے ہیں وہ جاری رہیں گے۔ اجلاس
میں وزیراعظم کو ملک میں تیل کے موجودہ ذخائر اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس کے مطابق ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے، مگر بچت کے لیے کفایت شعاری کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر تیل کی درآمد کا انتظام کیا جا چکا ہے۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔

