اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی آئینی عدالت نے ارتھ آور 2026 میں اپنی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک عالمی اقدام ہے جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس عالمی کاوش کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر عدالت کی عمارت کی روشنیاں 28 مارچ 2026 کو رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے 9 بجے تک بند رکھی جائیں گی جو ماحولیاتی پائیداری کے لیے عدالت کے عزم کی علامتی عکاسی ہے۔ وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے
جاری پریس ریلیز کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب ماحولیاتی انحطاط انسانی زندگی اور ماحولیاتی توازن کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے، وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، ماحولیاتی انصاف کے تصور سے گہرا تعلق رکھتا ہے، جو قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کا ایک لازمی جزو ہے۔عدالت ماحولیاتی انصاف کے فروغ اور اس کے تمام پہلوؤں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پْرعزم ہے۔ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عدالت صنعتی آلودگی میں کمی، جنگلات کی کٹائی کی روک تھام، کچرے کے بہتر انتظام، اور فضائی معیار میں بہتری جیسے جامع اقدامات اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیتی ہے۔ ارتھ آور 2026 کے موقع پر وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف، سرسبز اور پائیدار مستقبل کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
