کراچی ( نمائندہ خصوصی)سیلانی ویلفئیر کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کہا ہے کہاقوام متحدہ کی رپورٹ خطرے کی گھنٹی ہے۔ اسے سنجیدگی سے لیا جائے۔انہوں نے ایران ،اسرائیل جنگ کے ممکنہ خطرناک اثرات ،اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ جس میں ساڑھے چار کروڑ افراد کے بھوک کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ، اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر شادی کی تقریبات میں کھانوں پر پابندی عائد کردیں اور صرف ریفریشمنٹ کے احکامات جاری کیے جائیں جیسا کہ بیس سال قبل بھی کیا گیا تھا تاکہ ملک کو اناج
کی قلت سے بچایا جاسکے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اخباری اطلاعات اور معتبر اداروں کی رپورٹس سے ظاہر ہورہا ہے کہ حالیہ بحران مستقبل میں جب شدت اختیار کریں گے تو خدانخواستہ کہیں قحط کی صورتحال پیدا نہ ہوجائے اس لیے بہتر ہے کہ پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ماضی میں جس طرح سادگی مہم کے دوران شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں انواع و اقسام کے کھانوں پر پابندی لگائی گئی تھی ، وقت آگیا ہے کہ ایک بار پھر قوم کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ کم از کم پاکستان میں اناج کی قلت پیدا نہ ہو۔ علاوہ ازیں انہوں نے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو پہنچنے والے نقصان پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے 23 مارچ کی پریڈ کو سادہ تقریب میں بدلنے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سادگی کو نچلی سطح پر عام کرنے کے لیے شادی کی تقریبات میں کھانوں پر پابندی لگانے سے وطن عزیز کو اناج کی قلت اور ہوشربا مہنگائی سے بچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے مستقبل میں تیل کی قیمتوں ممکنہ اضافے پر اپنی ان تجاویز کو دہرایا کہ ہر قسم کی غیر ضروری سرکاری سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے اور اشرافیہ کا پیٹرول کوٹہ محدود کردیا جائے۔
