اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)وفاقی تعلیم بورڈ (ایف بی آئی ایس ای) نے خلیجی ممالک میں سکیورٹی صورتحال اور ممکنہ جنگی خدشات کے پیش نظر بیرونِ ملک منعقد ہونے والے ثانوی تعلیمی سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) سال 2026 کے امتحانات کے شیڈول پر نظرِ ثانی کا عندیہ دیا ہے۔ بدھ کو تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بورڈ انتظامیہ خطے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور مختلف متبادل آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں
امتحانات کی ممکنہ ری شیڈولنگ بھی شامل ہے۔ اعلامیے کے مطابق بیرونِ ملک ایس ایس سی امتحانات 31 مارچ 2026 سے شروع ہونا تھے، تاہم اگر سکیورٹی صورتحال برقرار رہی تو بورڈ کو مجبوراً ان امتحانات کو مؤخر کرنا پڑ سکتا ہے۔اس صورت میں امتحانات عیدالفطر کے بعد متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد نئی تاریخوں پر منعقد کیے جائیں گے۔ چیئرمین ایف بی آئی ایس ای نے طلبہ اور دیگر متعلقہ افراد کو یقین دلایا کہ ان کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین متبادل انتظامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ رکاوٹ کے باوجود امتحانی عمل کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومتی پابندیوں، لاجسٹک مسائل یا سکیورٹی خدشات کے باعث امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد نہ ہو سکے تو طلبہ کے مفاد میں فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ تعلیمی بورڈ نے بیرونِ ملک اپنے الحاقی اداروں، پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کو بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
