اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی بچوں اور خواتین میں خوشی اور جوش و خروش میں اضافہ ہو جاتا ہے اور گھروں میں عید کی تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے شروع ہو جاتا ہے۔ خواتین عید کے موقع پر گھروں کی صفائی ستھرائی، سجاوٹ اور خصوصی پکوانوں کی تیاری میں مصروف نظر آتی ہیں۔عید کے موقع پر روایتی مٹھائیوں، شیر خرما، کیک اور دیگر لذیذ کھانوں کی تیاری کے ساتھ مہمانوں کے استقبال کے انتظامات بھی کیے جاتے ہیں۔ خواتین عید کے لیے نئے کپڑوں،
زیورات، چوڑیوں اور مہندی کی خریداری کو خصوصی اہمیت دیتی ہیں۔بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں عید کی خریداری کے لیے رش دیکھنے میں آتا ہے جہاں خواتین اپنے اور بچوں کے لیے خوبصورت ملبوسات اور دیگر ضروری اشیاء خریدتی ہیں۔ بچوں کے لیے عید کی تیاری خاص طور پر خوشی کا باعث ہوتی ہے اور وہ نئے کپڑوں، جوتوں اور کھلونوں کے حصول کے لیے بے حد پرجوش نظر آتے ہیں۔عید کے دن عیدی حاصل کرنے کی امید بھی بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کر دیتی ہے۔عید سے قبل بچوں کے لیے کپڑوں، جوتوں اور دیگر لوازمات کی خریداری کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ وہ عید کے دن خوش اور خوبصورت دکھائی دیں۔ماہرین کے مطابق عید جیسے مذہبی اور ثقافتی تہوار خاندانی روابط کو مضبوط بنانے اور خوشیوں کو بانٹنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ بچوں اور خواتین کی عید کی تیاریوں سے گھروں میں خوشگوار ماحول پیدا ہوتا ہے اور معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور خوشی کے جذبات کو فروغ ملتا ہے۔
