کراچی (رپورٹ:نعیم اختر) مسلم لیگ (نون) کے رہنما اور نو تعینات گورنر سندھ نہال ہاشمی ایڈوکیٹ کی تقریب حلف برداری اس وقت بدمزگی کا شکار ہو گئی جب حلف اٹھانے کے بعد وہ ڈائس سے نیچے آ کر سیاسی شخصیات اور کارکنان سے مل رہے تھے اس موقع پر سکھر سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے ضلعی سینیئر نائب صدر کاشف عباسی اور ایک اور کارکن آگے بڑھے اور روایتی انداز میں انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ہار پہنانے کی کوشش کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق نہال ہاشمی نے
کارکن کی جانب سے پیش کیا گیا ہار پکڑ کر نیچے پھینک دیا جس پر وہاں موجود کارکنان اور رہنماؤں میں شدید بے چینی اور ناراضی کی لہر دوڑ گئی۔واقعے کے بعد مسلم لیگ (نون) کے نظریاتی کارکنوں نے اس رویے کو کارکن دشمن قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دیرینہ اور وفادار کارکن اپنی قیادت کے لیے قربانیاں دیتے ہیں اور ایسے مواقع پر ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے نہ کہ انہیں سب کے سامنے سبکی کا سامنا کرنا پڑے۔مسلم لیگ (نون) سکھر کے سینیئر رہنما محمد یامین عباسی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی دل آزاری کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے پارٹی قائد میاں نواز شریف، وزیراعظم میاں
شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ نہال ہاشمی کے اس رویے کا فوری نوٹس لیں اور کارکنوں میں پائی جانے والی مایوسی کا ازالہ کریں۔محمد یامین عباسی نے کہا کہ نہال ہاشمی کو گورنر کے منصب تک پہنچانے میں کارکنوں کی جدوجہد اور قربانیوں کا بڑا کردار ہے اس لیے انہیں کارکنوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اس معاملے کا فوری تدارک نہ کیا گیا اور کارکنوں کی دل آزاری کا ازالہ نہ ہوا تو سندھ کے کارکن احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے اور گورنر ہاؤس کا گھیراؤ بھی کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عہدے اور منصب عارضی ہوتے ہیں مگر کارکنوں کا اعتماد اور محبت ہی کسی رہنما کی اصل طاقت ہوتی ہے، اس لیے قیادت کو چاہیے کہ کارکنوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

