اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):عالمی یومِ خواتین کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی کی زیرصدارت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریکِ آزادی کشمیر میں کشمیری خواتین کی بے مثال، لازوال اور تاریخی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق تقریب میں حریت رہنماؤں، سیاسی و سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔صدر تقریب محمد فاروق رحمانی سمیت دیگر مقررین نے اس موقع پر کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، تشدد اور
انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا بہادری اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین نے نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ انہوں نے اپنے پیاروں کی شہادت، جبری گمشدگیوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور مسلسل ہراسانی کے باوجود عزم و استقلال کی ایک درخشاں مثال قائم کی ہے۔مقررین نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ بھارتی قابض افواج نے کشمیری خواتین کو اجتماعی سزا کا نشانہ بنایا ہوا ہے۔ گھروں پر چھاپوں، دورانِ حراست تشدد، جنسی ہراسانی، اور بے بنیاد مقدمات کے ذریعے انہیں خوف و ہراس میں مبتلا رکھنے کی منظم کوششیں کی جا رہی ہیں۔ متعدد کشمیری خواتین کے شوہر، بیٹے اور بھائی ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلوں اور جبری گمشدگیوں کا شکار ہوئے، جبکہ بہت سی خواتین برسوں سے اپنے پیاروں کی واپسی کی امید میں اذیت ناک انتظار کی زندگی گزارنے پر مجبور
ہیں۔تقریب کے مقررین نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری خواتین کے عزم و حوصلے کو کمزور کرنے کے لیے انہیں نشانہ بنا رہی ہے، لیکن تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ کشمیری خواتین نے ہر مشکل گھڑی میں تحریک آزادی کشمیر کو مضبوط تر کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ وہ شہداء کی ماؤں، بیٹیوں اور بہنوں کی حیثیت سے نہ صرف حوصلے اور صبر کی علامت ہیں بلکہ حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کی مضبوط آواز بھی ہیں۔مقررین نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی ضمیر کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے خلاف جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور بھارت کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کا پابند بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خواتین کے موقع پر کشمیری خواتین کی حالتِ زار کو نظر انداز کرنا انصاف، انسانی وقار اور عالمی انسانی حقوق کے منشور کی روح کے منافی ہے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری خواتین کی عظیم قربانیوں، ان کی ثابت قدمی اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کے ناقابلِ فراموش کردار کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام اپنی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اقوامِ متحدہ کی
قراردادوں اور اپنی امنگوں کے مطابق حقِ خود ارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔تقریب میں سنیر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،میر طاہر مسعود ، سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ،راجہ محمد زرین قائمقام چیرمین جموں و کشمیر کشمیر کمیونٹی ، حسن البنا ،شیخ عبدالمتین ، سید اعجاز رحمانی ، محمد رفیق ڈار،نثار مرزا،جاوید جہانگیر ،امتیاز وانی،شیخ عبد الماجد ،ذاہد مشتاق ،نذیر احمد کرناہی,سید گلشن،محمد شفیع ڈار، منظور احمد ڈار،محمد اشرف ڈار ،عبد المجید میر , قاضی عمران ،امتیاز احمد بٹ،ریئس میر، اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
