کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپرلیگ فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کے پارٹنر محمد شاہد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیش کش کی ہے کہ 24فیصد مزید شیئرز ان کے حوالے کرکے سوفیصد فرنچائز الفا گروپ کو دے دی جائے اور تمام پیمنٹس چوبیس گھنٹے کے اندر پی سی بی کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔ الفا گروپ کے مالک محمد شاہد نے نجی ٹی وی کے اسپورٹس شو میں
گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ اسٹالینز کے 98فیصد شیئرز فروخت کرنے کی خبریں گردش کررہی ہیں لیکن حقیقت میں ایسا ممکن نہیں کیونکہ وہ پہلے ہی 76 فیصد حصص کے مالک ہیں۔ حمزہ مجید اور ان کے پارٹنر ہارون کے پاس چوبیس فیصد شیئرز ہیں اور وہ اپنے حصے کے شیئرز بیچنے کے مجاز ہیں۔ الفا گروپ وہ چوبیس فیصد بھی خریدنے کو تیار ہے۔محمد شاہد کا کہنا ہے کہ حمزہ مجید پی ایس ایل اور ملک کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر حمزہ مجید
کو پی ایس ایل فرنچائز کے معاملات سے بے دخل کردے کیونکہ وہ بروقت پیمنٹ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ محمد شاہد کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا سے سرمایہ لا کرپاکستان میں لگانا چاہتے ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کا فائدہ ہو اور پاکستان کی ترقی میں ان کا کردار ہو لیکن بدقسمتی سے ان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں اور اگر یہی صورتحال رہی تو دوسرے ممالک سے سرمایہ کار پاکستان میں کیسے انویسٹمنٹ کریں گے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ ایک اوور سیز پاکستانی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا نوٹس لے کر فی الفور ازالہ کرے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو۔
