اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نیاز احمد اختر نے وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت جامعات میں لیپ ٹاپ کی فراہمی کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور ڈیجیٹل استعداد کار بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ جمعہ کو جاری اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید
ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ تحقیق، جدت اور عالمی معیار کی تعلیم کے تقاضوں کو پورا کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ سکیم سے نہ صرف طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ آن لائن سیکھنے، تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔چیئرمین ایچ ای سی نے جامعات کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شفاف اور منظم طریقہ کار کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم کو یقینی بنائیں تاکہ مستحق اور اہل طلبہ بروقت اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایچ ای سی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
