ڈھاکہ۔( نمائندہ خصوصی):بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان نے منگل کو ملک کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق صدر محمد شہاب الدین نے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بج کر 15 منٹ پر ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب قومی پارلیمنٹ کے ساؤتھ پلازہ میں منعقد ہوئی۔بعد میں صدر نے
کابینہ کے ارکان سے بھی حلف لیا۔ قبل ازیں ساڑھے گیارہ بجے کے بعد بی این پی کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ کا پارلیمانی پارٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا، جہاں طارق رحمان کو پارلیمانی پارٹی کا رہنما منتخب کر لیا گیا۔ بی این پی کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ نے قومی پارلیمنٹ کے ساؤتھ پلازہ میں حلف اٹھا لیا۔چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم ناصر الدین نے ان سے حلف لیا۔ملک
میں 12 فروری کو ہونے والے انتخابات کے بعد بننے والی بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے 76 فیصد ارکان پہلی بار منتخب ہوئے ہیں۔ پہلی بار منتخب ہونے والے ارکان پارلیمنٹ میں سے 150 کا تعلق بی این پی اور اس کے اتحادیوں سے ہے جبکہ جماعت اسلامی اوراس کے اتحادیوں کے کامیاب ہونے والے 77 امیدواروں میں سے 72 پہلی بار پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ایک اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ بنگلہ دیش میں 36 سال بعد کوئی مرد وزیر اعظم بنا ہے۔ اسی طرح پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ بھی طویل
مدت کے بعد ایک مرد کے حصے میں آئے گا۔ نومنتخب وزیر اعظم طارق رحمان دو حلقوں بوگرا۔6 اور ڈھاکہ ۔17 سے کامیاب ہوئے ہیں ۔
