اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):پاکستان اور آسٹریا نے باہمی دوستانہ اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم کے دورۂ آسٹریا کے حوالے سے وزارت خارجہ کی طرف سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچین اسٹوکر نے 16 فروری کو پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا سرکاری دورے کے موقع پر استقبال کیا۔یہ دورہ آسٹریا اور پاکستان کے درمیان 1956 میں قائم ہونے والے دوطرفہ سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ
دوستانہ اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا اور اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف نے عالمی سطح پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر اتفاق کیا۔انہوں نے کثیرالجہتی نظام اور قواعد پر مبنی عالمی نظام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا، جو اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں پر مبنی ہے، اور اقوام متحدہ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے تجارت و سرمایہ کاری، سیاحت، مہمان نوازی، تعلیم، آئی ٹی، صحت، انسانی وسائل کی ترقی اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی صلاحیت کا بھی جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں ان شعبوں سے متعلق زیرِ غور مختلف مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات اور
وفود کی سطح پر مذاکرات کے علاوہ، آسٹریا کے وفاقی چانسلر اور وزیرِ اعظم نے آسٹریا اور پاکستان کی معروف کمپنیوں کے فورم کی مشترکہ صدارت بھی کی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ اور آئندہ فریم ورک کے ذریعے اور بات چیت و مذاکرات کیلئے پہلے سے قائم نظام کی بنیاد پر، دوطرفہ تبادلوں اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔وزیرِ اعظم پاکستان نے آسٹریا کی کاروباری برادری اور کمپنیوں کو اپریل 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی دعوت دی۔انہوں نے وفاقی چانسلر کرسچین اسٹوکر کو مستقبل قریب میں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
