اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ انڈس اے آئی ویک 2026 کے دوران مرکزی عوامی شوکیس، انوویشن، لرننگ اور انگیجمنٹ ایرینا کی کامیابی کو اجاگر کیا۔اس دو روزہ ایونٹ نے قومی سطح کی اے آئی تقریب کا پرجوش مرکز بن کر ہزاروں طلبہ، کاروباری افراد، ڈویلپرز اور ٹیکنالوجی کے شائقین کا خیرمقدم کیا۔ مجموعی طور پر 40 سے زائد خصوصی سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن میں عالمی ٹیکنالوجی کے علمبرداروں اور ممتاز مقامی اختراع کاروں نے پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے مصنوعی ذہانت کے ماحولیاتی نظام کو نمایاں کیا۔ایرینا میں 11 مخصوص موضوعاتی پویلین قائم کئے گئے جن میں سے ہر ایک ملک کے اے آئی ماحولیاتی نظام کے
ایک بنیادی ستون کو مضبوط بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔ ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن ہب نے تکنیکی مرکز کا کردار ادا کیا جہاں اے آئی سٹارٹ اپ شوکیس اور مصروف نمائشوں کے ذریعے ڈویلپرز کو بین الاقوامی مینٹورز اور سرمایہ کاروں سے براہ راست رابطے کے مواقع میسر آئے۔گوو ٹیک اور ڈیفنس ٹیک پویلین میں عوامی خدمات کی ڈیجیٹل تبدیلی پر توجہ مرکوز کی گئی جہاں وفاقی بیوروکریسی میں نافذ کئے جا رہے اہم اے آئی اقدامات کو نمایاں کیا گیا۔اسی طرح اے آر/وی آر اور روبوٹکس شوکیس میں خودکار نظاموں اور جدید ہارڈویئر پر مبنی سحر انگیز تجربات پیش کیے گئے جنہوں نے تقریب کے دوران عوام کی بھرپور توجہ حاصل کی۔تجارتی اور صنعتی تعاون انڈسٹری ایکسپو اور ایکسپرٹ ٹاکس کے ذریعے نمایاں رہا جہاں عالمی ٹیکنالوجی رہنمائوں نے لائیو اے آئی نفاذات کا مظاہرہ کیا جبکہ معروف پاکستانی ٹیک ایگزیکٹوز نے کلیدی خطابات دیئے اور اطلاقی اے آئی اور انٹرپرائز اپنانے پر ماہر پینلز کی قیادت کی۔اختراعی مقابلے ایرینا کے پروگرام کا مرکزی حصہ رہے۔اڑان اے آئی ٹیکاتھون میں ڈویلپرز کو قومی سطح کے اہم چیلنجز کے حل تیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا جبکہ اے آئی فار ہر پویلین نے اعلیٰ سطحی پینلز، عملی ورکشاپس اور خواتین کی قیادت میں سٹارٹ اپ شوکیس کے ذریعے صنفی شمولیت پر مبنی اختراع کو فروغ دیا۔تعلیم اور افرادی قوت کی ترقی کو نیشنل اے آئی ٹریننگ بوٹ کیمپ کے ذریعے تقویت دی گئی جس نے دو دنوں میں 1,900 سے زائد شرکا کو جامع تکنیکی تربیت فراہم کی۔مسابقتی اور تخلیقی جہت کو بڑھاتے ہوئے انڈس ای سپورٹس چیمپئن شپ نے پیشہ ورانہ
ای سپورٹس کو ایرینا میں متعارف کرایا جہاں متعدد گیم ٹائٹلز میں 45 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی گئی۔ اے آئی ریپر کمپٹیشن (اے ڈبلیو سی) میں عملی اور حقیقی دنیا کے اے آئی ٹولز تیار کرنے والے ڈویلپرز کو سراہا گیا جس میں ایکسن اسٹیٹ (AxonEstate) نے پہلا انعام حاصل کیا۔ تخلیقی صلاحیتوں کا مزید مظاہرہ گیم جیم کے دوران ہوا جہاں شرکا نے 48 گھنٹے کے سخت ڈویلپمنٹ سپرنٹ میں اصل ڈیجیٹل گیمز تیار کیں۔سٹارٹ اپس کو براہ راست انفراسٹرکچر سپورٹ کلائوڈ کریڈٹ سپرنٹ کے ذریعے فراہم کی گئی جس کے تحت اعلیٰ صلاحیت کے حامل منصوبوں کو کارکردگی کی بنیاد پر کلائوڈ کریڈٹس دیئے گئے تاکہ وہ اپنے حل کو وسعت دے سکیں اور موثر انداز میں نافذ کر سکیں۔انوویشن، لرننگ اور انگیجمنٹ ایرینا کی کامیابی کے بعد انڈس اے آئی ویک 2026 اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس کے تحت ملک بھر کی جامعات اور ٹیکنالوجی ہبز میں غیرمرکزی تقریبات منعقد کی جائیں گی جو 15 فروری 2026ء تک جاری رہیں گی۔
