کوئٹہ( کرائم رپورٹر) کالعدم مسلح تنظیم بی ایل اے کا بیانیہ پھیلانے والا ریڈیو پاکستان کا ملازم گرفتار تفصیلات کے مطابق بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا بیانیہ پھیلانے کے الزام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت ظفر اقبال کے نام سے ہوئی ہے، جسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اس کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا دورانِ تفتیش یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزم ظفر اقبال ریڈیو پاکستان کوئٹہ میں نائب قاصد کے طور پر ملازمت کرتا
رہا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بلوچستان میں دہشت گردی سے متعلق انتہائی قابلِ اعتراض اور اشتعال انگیز مواد شیئر کیا، جس کا مقصد کالعدم تنظیم کے بیانیے کو فروغ دینا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل آلات سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جن کی فارنزک جانچ جاری ہے۔ تفتیشی اداروں کا کہنا ہے کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم سے ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جائیں گی حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور دہشت گردی کے حق میں مواد پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی جاری۔

