اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی):پاکستان میں ناروے کے سفیر پیر البرٹ الساس نے ہلال احمر پاکستان نیشنل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ استقبالیہ پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ پیش کیا گیا۔ چیئرپرسن فرزانہ نائیک سے ملاقات میں ہیڈ آف کوآپریشن ناروے سفاتخانہ انجامر تیوت، نارویجن ریڈ کراس کی گلوبل گرانٹس اور پارٹنرشپ ایڈوائزر صوفیہ جنجوعہ اور نارویجن ریڈ کراس کے پاکستان میں سربراہِ ڈاکٹر الغ بیگ امینوف بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے معزز وفد کو ناروے کے تعاون سے پاکستان بھر میں جاری پروگراموں سے آگاہ کیا اور ان کے کمیونٹی کی مضبوطی اور انسانی ضروریات کو پورا کرنے میں تعاون کو اجاگر کیا۔انہوں نے ناروے کے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں بھی بتایا جس کے دوران انہوں نے نارویجن ریڈ
کراس کی قیادت، نارویجن ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون (نورایڈ) اور ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندگان سے ملاقاتیں کی تھیں۔ اس موقع پر فرزانہ نائیک نے پاکستان میں انسانیت کی خدمت اور مدد کے لئے تعاون اور شراکت داری کو پائیدار اور مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ہلال احمر پاکستان کی ترجیحات کو اُجاگر کرتے ہوئے چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ ترین علاقوں میں خدمات کی فراہمی کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ملاقات کے دوران نارویجین سفیر الساس نے انسانی خدمت کے کلیدی کردار پر زور دیا اور پاکستان میں انسانیت کی فلاح اور بہتری کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے ہلال احمر پاکستان کی انسانی خدمات کو سراہتے ہوئے نارویجن ریڈ کراس کے ذریعے پاکستان میں ناروے کی مسلسل حمایت کی توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمارا سفارتخانہ ہلالِ احمر پاکستان کے پروگراموں میں معاونت کا منتظر ہے اور ملک بھر میں کمزور اور پسماندہ طبقات تک رسائی کے لئے تعاون کو مزید وسعت دینے کا بھی خواہاں ہے۔ فریقین نے پاکستان بھر میں کمزور صلاحیت کی حامل کمیونٹیز کی بہتر خدمت کے لئے شراکت داری اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ناروے کے سفیر نے لائبریری کا بھی دورہ کیا اور مہمانوں کے لئے رکھی گئی ”کتاب“ میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔
