لاہور۔( نمائندہ خصوصی) :وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے مذہبی حقوق کا تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے ہمراہ وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر کو متروکہ وقف املاک بورڈ کی مجموعی کارکردگی،انتظامی ڈھانچے اور جاری اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے اس موقع پر کہا کہ
بورڈ تمام مذہبی مقامات کے تحفظ، بہتر انتظام اور وسائل کے موثر استعمال کے لیے پرعزم ہے اور وفاقی وزارت مذہبی امور کی رہنمائی میں اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے وفاقی وزیرکو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ اقلیتی مذاہب کے مقدس مقامات کے تحفظ، دیکھ بھال اور انتظام و انصرام کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے اور بورڈ کی زیر نگرانی سکھ، ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کے مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش، سہولیات کی فراہمی اور یاتریوں کے لیے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہےجبکہ بھارت سمیت بیرون ملک سے آنے والے ہندو و سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے سیکورٹی ،ٹرانسپورٹ ،رہائش ،میڈیکل کی بہترین سہولیات فراہم کی جا تی ہیں۔ سیکرٹر ی متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال نے بریفنگ میں بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ ٹرسٹ اراضی کی حفاظت نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے عملی حکمت عملی پر کام جاری ہے جبکہ قبضہ مافیا اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں اور سالانہ اہداف کی تکمیل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
