کوئٹہ۔( نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کی طرف سے ترقی، امن و امان کے قیام، سیاسی ہم آہنگی کے استحکام اور وزیراعظم کے شکایات سیل میں درج عوامی شکایات کے موثر ازالے کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔جمعرات کو یہاں ایک اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے وزیراعظم کو صوبے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت اور بالخصوص تعلیم، صحت، گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری نے بتایا کہ
صوبائی حکومت نے محدود وسائل کے باوجود اصلاحاتی ایجنڈے پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے۔وزیراعظم نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا جن کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں اور دیگر سکیورٹی آپریشنز کے دوران 784 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
