لاہور( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر مواصلات و استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں بد تہذیبی اور گالی کی سیاست نہیں ہونی چاہیے، ایک دوسرے کی عزت اور احترام ہم سب پر واجب ہے، اب سیاست کا نہیں یہ عوام کی خدمت کرنے اور ان کے مسائل کے حل کاوقت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے117شاہدرہ میں استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں پاکستان تحریک انصاف کے دو مرتبہ ممبر پنجاب اسمبلی خالد محمود گجر کے صاحبزادے اور پی پی145کی اہم سیاسی شخصیت جواد خالد گجر نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت استحکا م پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اپنے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں این اے117 میں 4 گرلز سکول بنائے ہیں آئندہ سال میں مزید 10سکول بنائیں گے، بیگم کوٹ چوک
کی توسیع ، شاہدرہ موڑ سے حاجی کوٹ دو رویہ سڑک اور عرصہ دراز سے زیر التواء اہم ترقیاتی کام مکمل کر لیے گئے ہیں، 30ٹرانسفارمرز، سٹریٹ لائٹس، 55کلومیٹر لمبی سوئی گیس کی پائپ لائن بچھانے اور بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ جب تک یہ حلقہ بہترین علاقہ نہیں بن جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور این اے117کو ہر قیمت پر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے۔انہوں نے اس حلقے کے لئے فنڈز کی فراہمی پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسائل کے حل کے لئے جہاں بھی جانا پڑا ضرور جائیں گے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ علاقہ ماضی میں لاوارث تھا،اب بجلی،پانی، گیس اور شہری سہولتوں کے دیگر مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں۔سابق صوبائی وزیر اور این اے117سے کوآرڈینیٹر میاں خالد محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس علاقے کے عوام وعدے پورے کرنے پر عبدالعلیم خان کے مشکور ہیں جنہوں نے کر کے دکھایا ہے کہ حقیقی معنوں میں تبدیلی کیا ہوتی ہے۔استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے نائب صدرمیاں جنید ذوالفقار، ملک احمد حسن اور چوہدری امجد رفیق نے بھی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا استقبال کیا جبکہ سارے شاہدرہ کو بینروں اور پارٹی پرچموں سے سجایا گیا اور نوجوانوں نے گھوڑوں کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے پھول نچھاور کئے۔ وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کا شاندار استقبال کیا۔مرکزی سیکرٹریٹ کے افتتاح کے بعد وفاقی وزیر اور این اے117سے ممبر قومی اسمبلی عبدالعلیم خان سے پی پی145اور پی پی146کے عمائدین اور سیاسی شخصیات نے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ شعبہ خواتین کے اجلاس میں بھی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے شرکت کی اور کہا کہ اُن کا ہر یونین کونسل کی سطح پر رابطہ ہے اور انشاء اللہ اس علاقے کی اپ گریڈیشن اُن کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر انہوں نے شہریوں کے مسائل بھی سنے اور اُن کی جائز مشکلات کے جلد حل کا یقین دلایا۔
دلایا۔
