اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین کیا ہے۔ ہفتہ کو ایوانِ صدر کےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے کہا
کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اس کامیابی سے ملکی دفاع مزید مضبوط اور خطے میں استحکام کےلئے پاکستان کی ذمہ دارانہ دفاعی پالیسی
کو تقویت ملی ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نےاس کامیابی کو قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کی محنت، پیشہ ورانہ لگن اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہا۔صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔

