اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری سے آسٹریلیا کے لئے نامزد پاکستانی ہائی کمشنر عرفان شوکت نے ملاقات کی۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے عرفان شوکت کو نئی ذمہ داری سنبھالنے
پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ اور پاکستانی برآمدات کو بڑھایا جائے۔ملاقات کے دوران صدر مملکت نے آئی ٹی، زراعت، معدنیات اور توانائی میں شراکت داری تلاش کرنے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اور طلبہ کو بہترین قونصلر سہولتیں اور رہنمائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان عوامی اور تعلیمی سطح کے روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے عرفان شوکت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
