سوات۔ (نمائندہ خصوصی ):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اتوار کو خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں و سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا جائزہ لیا۔انہوں نے سوات پریس کلب میں میڈیا سے
گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث جانی اور مالی نقصانات پر بہت دُکھ ہے، ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں.سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے پلیٹ فارم سے نقصانات کا سروے جاری ہے اور جیسے ہی وزیراعظم کی ہدایات ملیں گی ان پر فوری عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی غریب عوام کو بھکاری نہیں بناتا، یہ کم
آمدنی والے گھرانوں کی معاونت اور توازن قائم کرنے کا پروگرام ہے۔۔انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان نے 21 جون کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر بینظیر ہنرمند پروگرام کا افتتاح کیا جس کے ذریعے خواتین اور ان کے گھرانوں کے افراد کی زندگیوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
