مکہ مکرمہ ( نمائندہ خصوصی)سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے ویزوں کے اجرا کا آغاز 8 فروری سے کیا جائے گاوزارت کے مطابق ویزوں کے اجرا کا عمل اس سال معمول سے پہلے شروع کیا جا رہا ہے تاکہ حج انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والے عازمین
کے لیے فراہم کی جانے والی تمام خدمات کے سو فیصد معاہدے مکمل کر لیے گئے ہیں اسی طرح مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش سے متعلق تمام معاہدے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے طے پا چکے ہیںسعودی حکام کے مطابق اب تک 7 لاکھ 50 ہزار عازمین کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ 30 ہزار عازمین اپنے اپنے ممالک سے براہِ راست حج پیکجز بھی بک کروا چکے ہیںوزارت نے مزید بتایا کہ ویزوں کے اجرا کا یہ ابتدائی مرحلہ حج 2026 کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد حج انتظامات کو مزید منظم بنانا اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا ہے
