ممبئی:(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کوکڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بادشاہ سلامت ( مودی جی) کی جان ای وی ایم اورتحقیقاتی اداروں سی بی آئی، ای ڈی اوردیگر میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہت سے سیاسی حریفوں کو ڈرادھمکا کر بی جے پی میں شامل ہونے پر مجبور کیاجارہا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ممبئی میں ‘انڈیا’ اتحاد کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر واقعی بھارت ‘محبت’ کا ملک ہے، تو پھر بی جے پی نفرت کیوں پھیلارہی ہے؟ انہوں نے مزیدکہاکہ نفرت کی بھی کوئی بنیاد ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں روزانہ غریبوں، کسانوں، دلتوں، خواتین اور نوجوانوں کے خلاف زیادتی ہو رہی ہے تاہم مودی جی نے مکمل چپ سادھ رکھی ہے۔راہل گاندھی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بالی ووڈ اداکاروں کی طرح صرف ایک کٹھ پتلی ہیں اور وہ بھی ایک کردار ادا کر رہے ہیں ۔ پی ایم مودی کے 56 انچ کے سینے کے بیان پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا سینہ 56 انچ کانہیں بلکہ ایک کھوکھلے شخص کا سینہ ہے!راہل گاندھی نے کہا، ہماری لڑائی کسی فرد کے خلاف نہیں ہے، ہم ایک طاقت کے خلاف لڑ رہے ہیں۔انہوں نے پھر کہاکہ مودی حکومت تحقیقاتی داروں سی بی آئی، ای ڈی اور آئی ٹی کے ذریعے اپوزیشن لیڈروں کو ڈرادھمکا کر بی جے پی میں شامل ہونے پر مجبور کر رہی ہے