اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے ایک اہم اور دیرینہ مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔برٹش ہومز میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے طویل عرصے سے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ
یکجہتی جاری رکھا جائے گا۔مشعال حسین ملک نے اپنے خطاب میں اپنے شوہر یاسین ملک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے پر قید میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ’’یاسین ملک بچاؤ آگاہی مہم‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ان کے مقدمے اور حالات کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سماجی روابط موجود ہیں اور کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی برقرار رکھی جائے گی۔مشعال حسین ملک نے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اجتماع میں شرکاء نے کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔

