اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے صنعت وحرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے،صنعتی مصنوعات کی ملکی پیداور میں اضافہ کے ساتھ ساتھ برآمدات بڑھانے کے لیے موثر پالیسی اقدامات حکومت کی پالیسی ترجیحات کا حصہ ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرمایہ کاری میں اضافہ اور معیشت کی مجموعی ترقی کے لیے شعبہ جاتی اصلاحات اور پالیسی اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے مختلف زیر غور پالیسی تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے صنعت وحرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے،صنعتی مصنوعات کی، ملکی پیداور میں اضافہ کے ساتھ ساتھ، برآمدات بڑھانے کے لیے موثر پالیسی اقدامات حکومت پالیسی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعت و تجارت اور معیشت کے مختلف شعبہ جات میں اصلاحات طویل المدتی معاشی افادیت اور عوامی فلاح پر مرکوز ہونا چاہئے،مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو متبادل توانائی کے ذرائع سے پورا کرنے
کے لیے جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام ہو رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کی ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے جامع اور موثر الیکٹرک وہیکلز پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے،جدید ٹیکنالوجی کی مختلف شعبوں میں شمولیت کے لئے تمام وزارتیں اور ماہرین کی بامعنی مشاورت کو یقینی بنائیں،موثر ترقیاتی پالیسیوں کی تشکیل و نفاذ کے لیے تمام وزراتیں باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام اصلاحات اور اقدامات میں انتظامی شفافیت اور بہترین کارکردگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسد الرحمن چیمہ اور متعلقہ اداروں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

