اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی روک تھام اور عوامی صحت کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات ایچ آئی وی کی روک تھام اور کنٹرول کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری صحت، سی ای او ڈریپ، وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں اور اہم سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ملک میں ایچ آئی وی کی روک تھام کے لئے جاری اقدامات
اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیرِ اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی ایچ آئی وی ٹاسک فورس کی سفارشات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے ایچ آئی وی کے مؤثر تدارک اور کنٹرول کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو واضح ذمہ داریاں اور اہداف تفویض کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مربوط، مؤثر اور فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ایچ آئی وی ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد کے لئے باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ کام کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔وزیرِ صحت نے بتایا کہ این آئی ایچ، سی ڈی سی اور سی ایم یو کی جانب سے ایچ آئی وی سے متعلق ایک جدید ڈیش بورڈ فعال کر دیا گیا ہےجس کے ذریعے ایچ آئی وی کا ڈیٹا بروقت رپورٹ اور مانیٹر کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیش بورڈ سے شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا اور بیماری کی نگرانی، تشخیص اور کنٹرول کے اقدامات میں بہتری آئے گی۔مصطفیٰ کمال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی روک تھام اور عوامی صحت کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

