اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے خطے میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جن میں اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں اور بیروت کے بعض علاقوں پر ممکنہ حملوں سے متعلق اسرائیلی حکومت کے احکامات
شامل ہیں۔پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور پاکستان سے درخواست کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوششوں میں سہولت کاری کے لیے اپنے مثبت سفارتی روابط کا استعمال جاری رکھے۔نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کی اہمیت پر زور دیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھا جائے تاکہ موجودہ مفاہمتوں اور سمجھوتوں کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

