اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی)پاکستان نے یوکرین میں جاری جنگ کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اور مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئ تنازع کے پرامن حل پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ حالیہ کشیدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اس تنازع کے حل کے لیے پرامن راستہ اپنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ مؤثر اور مخلصانہ مذاکرات ہی پائیدار امن کے
حصول اور خطے میں استحکام بحال کرنے کا واحد راستہ ہیں۔ ان کے مطابق تمام فریقین کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دینی چاہیے۔پاکستانی مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری تمام فریقین کے لیے لازمی ہے اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی تنصیبات کا تحفظ بین الاقوامی قوانین کے تحت یقینی بنایا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اجلاس کے آغاز میں کہا کہ یوکرین میں جنگ کی صورتحال خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور "جنگی صورتحال کو روکنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے فوری، مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی پر زور دیا۔یوکرین میں حالیہ روسی حملوں کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں جبکہ شہری انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ہزاروں شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔اجلاس میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا کہ جاری لڑائی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جس سے انسانی بحران مزید سنگین ہو جائے گا۔

