اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ کے قریب بحری حادثے سے متاثرہ کیبل بچھانے والے جہاز کو کے پی ٹی ٹگس کی مدد سے بحفاظت بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے اور بحری حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ کراچی پورٹ کے قریب بحری حادثے پر اپنے وضاحتی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ حادثہ کراچی بندرگاہ کی حدود کے باہر رونما ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بحری حادثے کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بندرگاہ پر بروقت ردعمل اور مؤثر انتظامات پر عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دو غیر ملکی بحری جہازوں کے درمیان حادثے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی کی اطلاع نہیں ملی، حادثہ 28 مئی کی شب کراچی پورٹ کے قریب دونوں جہازوں کے ماسٹرز کی غفلت کے باعث پیش آیا۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ متاثرہ کیبل بچھانے والے جہاز کو کے پی ٹی ٹگس کی مدد سے بحفاظت بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے اور بحری حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔حکومت اور متعلقہ ادارے بحری سلامتی یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ کراچی پورٹ پر بحری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، متاثرہ جہاز کو ہر ممکن تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کی جا رہی ہیں۔

