اسلام آباد کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی خواتین ونگ کی صدر اور رکنِ صوبائی اسمبلی اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں 28 مئی یومِ تکبیر کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جب پاکستان نے کامیاب ایٹمی دھماکے کرکے اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر دراصل قومی خودمختاری، سلامتی اور دفاعِ وطن کے عزم کی علامت ہے۔ اس تاریخی دن پاکستان نے دنیا
پر واضح کردیا کہ وہ اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا پوری امتِ مسلمہ کیلئے باعثِ فخر ہے۔میڈم فرح عظیم شاہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سائنسدانوں اور قومی قیادت نے اس عظیم کامیابی میں تاریخی کردار ادا کیا۔ خصوصاً ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور اُن کے رفقاء کی خدمات کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم ملکی ترقی، استحکام اور اتحاد کیلئے مل کر کام کریں گے اور وطنِ عزیز پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنائیں گے۔

