مکہ مکرمہ(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں جاری حج انتظامات، حجاج کرام کو دی جانے والی سہولیات اور مستقبل کی سفری و رہائشی اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں سعودی نائب وزیر حج و عمرہ حسن مناخرہ، پاکستانی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج کے شاندار اور بہترین انتظامات پر سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشائر مقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) میں زائرین کے لیے نت نئی جدید سہولیات کی فراہمی انتہائی خوش آئند ہے۔وفاقی وزیر نے حجاج کی سہولت کے لیے ایک اہم تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بسوں کے ڈراپ پوائنٹس پر تمام ممالک کے حجاج کو یکساں
طور پر جگہ فراہم کی جانی چاہیے تاکہ کسی بھی ملک کے عازمین کو نقل و حمل میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اور رہائش کے نظام میں کی جانے والی نئی اصلاحات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حرم ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید دور رس اصلاحات لائی جا رہی ہیں تاکہ حجاج کی آمد و رفت کو آسان بنایا جا سکے۔ اگلے سال حجاج کی کل تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈراپ پوائنٹس کی منصفانہ اور منظم تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔مزدلفہ میں ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والے حجاج کرام کی سہولت کے لیے اس بار ٹوائلٹس کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی عمارتوں کو مطلوبہ عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ سعودی وزارتِ حج روایتی تسلسل کو توڑتے ہوئے حج 2027ء کے انتظامات کا آغاز موجودہ ایامِ حج کے فوری بعد کر دے گی تاکہ اگلے سال کے لیے مزید بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے۔سعودی وزیر حج نے پاکستان حج مشن کی کارکردگی ک سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا حج مشن انتہائی محنت اور مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی مشن کو وقت پر تمام تر مطلوبہ معاہدات مکمل کرنے پر خصوصی مبارکباد بھی پیش کی۔

