لاہور۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی لائیو سٹریمنگ صرف پی سی بی لائیو پر دستیاب ہوگی۔ سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جبکہ شائقین تمام میچز مفت میں دیکھ سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی سی بی لائیو پاکستان میں اس سیریز کی واحد لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ہوگی۔ آئی فون صارفین ایپ سٹور جبکہ اینڈرائیڈ صارفین گوگل پلے سٹور سے پی سی بی لائیو ایپ ڈان لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شائقین آنے والی سیریز کیلئے live.pcb.com.pkپر
رجسٹریشن بھی کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ پی سی بی کی او ٹی ٹی سروس گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کی گئی تھی اور ابتدائی طور پر یہ سہولت صرف برطانیہ میں دستیاب تھی۔ پاکستان اور زمبابوے ویمنز کے درمیان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز پاکستان میں پی سی بی لائیو پر نشر ہونے والی پہلی ہوم سیریز تھی جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز اس پلیٹ فارم پر نشر ہونے والی پہلی مینز سیریز ہوگی۔شائقین پی سی بی لائیو پر پاکستان ٹیم کے حالیہ میچز کی جھلکیاں اور ڈومیسٹک کرکٹ میچز بھی دیکھ سکتے ہیں۔