کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے 19 مئی کی شام نوری نصیر خان آڈیٹوریم کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمان پاکستان تحریک حق میلہ کی جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اگرچہ اس عظیم پروگرام کے آڈیشنز کا آغاز 19 مئی سے ہو چکا ہے، تاہم میلے کی مرکزی اور اہم تقریبات 23 اور 24 مئی کو منعقد ہوں گی، جن میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قومی سطح پر متعارف کرانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر محترمہ فرح عظیم شاہ نے دور دراز علاقوں سے آنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی، جو اس ٹیلنٹ ہنٹ اور
مختلف سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے خوشگوار ماحول میں گفتگو کی، ان کے خیالات سنے اور ان کے عزم، جذبے اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے نوجوان بے شمار صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہیں صرف ایک مؤثر پلیٹ فارم اور مناسب رہنمائی کی ضرورت ہے۔

