اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا،ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگائیں گے جن کے نتائج یقینی ہوں، پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت رواں برس کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لئے ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی ) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، شزافاطمہ خواجہ، حنیف عباسی، سردار اویس خان
لغاری، میاں محمد معین وٹو، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا،ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگائیں گے جن کے نتائج یقینی ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیراعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجرا اور اس کی مارکیٹ میں پذیرائی پر وزیر خزانہ کی تعریف کی ۔اجلاس میں وزیراعظم نے ریلوے، آئی ٹی اور وزارت پاور کی کارکردگی کو بھی سراہا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ اجلاس میں رواں برس کے پی ایس ڈی پی پر جائزہ اور آئندہ برس کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ان کے لئے درکار فنڈز پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو قومی نوعیت کے پانی ذخیرہ کرنے اور پن بجلی کے منصوبوں بشمول داسو، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

