کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے آج نوری نصیر خان آڈیٹوریم میں دن بھر بلوچستان ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسٹیج کی تیاری، کرسیوں کی ترتیب، پینٹنگ کے
جاری کام اور دیگر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر نوجوانوں کے لیے ایک خوبصورت اور جدید طرز کا اسٹیج تیار کیا گیا، جہاں بلوچستان کے باصلاحیت نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ محترمہ فرح عظیم شاہ نے تمام انتظامات کو قریب سے دیکھا اور ہر مرحلے کی نگرانی کی تاکہ پروگرام بہترین انداز میں منعقد کیا جا سکے۔تمام تیاریوں کی تکمیل کے بعد اب کل سے ان شاء اللہ بلوچستان ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کا آغاز ہوگا، جہاں نوجوانوں کے پوشیدہ ہنر دنیا کے سامنے آئیں گے۔ یہ پروگرام بلوچستان کے مثبت اور روشن چہرے کو اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔

