اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کے اسسٹنٹ وزیر خارجہ جنوبی و وسطی ایشیائی امور ایس پال کپور نے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کی گئی جبکہ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرقائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری
داخلہ بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ بلاشبہ پاک امریکہ تعلقات باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کا جلد آغاز چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطی کےتنازعہ کے دیرپا اور پُرامن حل کیلئے پر امید ہیں۔امریکی اسسٹنٹ وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

