اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایندھن کی بچت اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔منگل کو نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ محمد اسحاق ڈار نے کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ چیلنجز کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ حالات بہتر ہونے تک تمام شعبے بچت اور کفایت شعاری کو اپنائیں۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے کفایت
شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے تیار کردہ ڈیش بورڈ بھی پیش کیا۔نائب وزیرِاعظم نے مزید زور دیا کہ ان کفایت شعاری اقدامات سے استثنیٰ کے لئے صرف وہی معاملات کمیٹی کے سامنے لائے جائیں جو حکومت کے اہم اور وقت کی پابندی والے امور کی انجام دہی کے لئے ناگزیر ہوں۔اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی، وزیراعظم کےمعاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، نیشنل سکیورٹی ڈویژن، پٹرولیم ڈویژن، پلاننگ ڈویژن، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
