پشاور۔( نمائندہ خصوصی):اسسٹنٹ کمشنر رزمک طفیل خان نے پیر کے روز تحصیلدار رزمک شیر بہادر کے ہمراہ رزمک بازار میں غیر قانونی طور پر قائم “نیشنل ہیلتھ کیئر سینٹر” کو سیل کر دیا۔تر جمان ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان کے مطابق معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ کلینک دو غیر مستند افراد چلا رہے تھے جو کسی بھی میڈیکل ڈگری، لائسنس
یا رجسٹریشن کے ثبوت پیش نہ کر سکے۔عوامی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر مرکز کو فوری طور پر بند کرکے چابیاں سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر رزمک نے ٹی ایم اے اسٹاف کے ہمراہ رزمک بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران غیر قانونی تعمیرات مسمار کر کے تقریباً 8 کنال قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرا کر ٹی ایم اے کے حوالے کر دی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
