لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب کے سابق گورنر اورسرورفاؤنڈیشن کے چیئرمین چوہدری محمدسرورنے کہا ہے کہ سرورفاؤنڈیشن معاشرے کے مایوس اورمحروم طبقات کیلئے ایک مرہم ہے۔ہمارے پروفیشنل ڈاکٹرزاورانتھک رضاکار 24/7بنیادو ں پرناداروں اوربیماروں کیلئے آسانیاں پیداکررہے ہیں۔سرورفاؤنڈیشن کے قیام سے اب تک ہمارے فلاحی منصوبوں سے کئی ملین انسانوں کی زندگیاں بدل گئی ہیں۔دیہات،قصبات اورشہروں میں ہم وطنوں کو کسی امتیاز کے بغیر صاف اورصحتمندپانی کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔سرورفاؤنڈیشن کے جدید واٹرفلٹریشن پلانٹس کادائرہ کاروقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمدسرورنے مزید کہا کہ آج کوئی کسی کو امارت کی بنیاد
پریادنہیں رکھتا لیکن وہ عمارت جہاں شب وروز انسانیت کی انتھک خدمت ہواس کے بانیان کو لوگ فراموش نہیں کرتے بلکہ ان کیلئے اپنا دست دعا دراز کرتے ہیں۔سرورفاؤنڈیشن کے دستیاب وسائل کی ایک ایک پائی ہمارے پاس شفاء کیلئے آنیوالے مستحقین کی امانت ہیں۔میں جس وقت مایوس اورمرجھائے ہوئے چہروں پرجام صحت نوش کرنے کے بعد روشنی اوربے پایاں خوشی دیکھتا ہوں توتازہ دم ہوجاتا ہوں۔سرورفاؤنڈیشن کے اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بیماروں کیلئے تازہ ہوا کاجھونکا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی انتھک خدمت کا شوق ہمیں ہمارے باپ دادا نے ورثہ میں دیا ہے۔ ہم اورہمارے بچے بھی نسل در نسل اپنے صادق جذبوں کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جوانسان صلہ رحمی کے تحت مستحق انسانوں کے کام آتے ہیں انہیں اس کاصلہ دونوں جہانوں میں ضرورملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہسپتال کی طبی سہولیات سے مستفیدہونیوالے مستحقین کی دُعا ہمارے ڈونرز کیلئے دوا بن جاتی ہے۔جہاں انسانوں کاجذبہ خدمت سودوزیاں سے بے نیاز ہو وہاں اللہ ربّ العزت کی غیبی مددشامل حال ہوجاتی ہے۔

