اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی یومِ کثیرالجہتی اور امن کے لیے سفارت کاری کے موقع پر پاکستان اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے ساتھ اپنی پختہ وابستگی کا اعادہ کرتا ہے جن میں ریاستوں کی خودمختار برابری، تنازعات کا پُرامن حل، اور عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اجتماعی اقدامات شامل ہیں۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے بین
الاقوامی یومِ کثیرالجہتی اور امن کے لیے سفارت کاری کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب تنازعات میں شدت آ رہی ہے اور بین الاقوامی اداروں پر اعتماد کمزور ہو رہا ہے، کثیرالجہتی اور سفارت کاری ہی امن کے لیے قابلِ اعتماد اور پائیدار راستے ہیں۔ عالمی برادری کو درپیش چیلنجز اس امر کے متقاضی ہیں کہ مکالمے، تعاون اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے لیے عزمِ نو کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بات چیت، ثالثی اور سفارتی ذرائع کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت کی ہے۔ حالیہ مہینوں میں پاکستان نے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ فعال رابطے رکھے ہیں تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جائے، اختلافات کو کم کیا جائے اور جاری تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں طویل المدتی خدمات اور کثیرالجہتی سفارت کاری پر مضبوط یقین رکھنے والے ملک کے طور پر پاکستان مکالمے کے فروغ، تعاون کے استحکام اور کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ اہم دن کے موقع پر پاکستان عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ کثیرالجہتی نظام کو ازسرِ نو فعال بنایا جائے اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ ایک پُرامن، منصفانہ اور خوشحال دنیا کی تعمیر ممکن ہو سکے۔

