لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا زشریف نے علامہ اقبال کی فکری اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔شاعر مشرق علامہ اقبال ؒکے یوم وفات پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال آج ہمارے درمیان نہیں مگر ان کا تدبر،فکر اور فلسفہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔علامہ اقبال نے نہ صرف مسلمانو ں کو مستقبل کے خطرات سے آگاہ کیا بلکہ خودی کا لازوال درس دیا۔علامہ اقبال علمی اور
فکری بصیرت میں اپنی مثال آپ تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری کے ماخذ میں قرآن و سنت مقدم ہیں۔علامہ اقبال نے کئی دہائیوں قبل امت مسلمہ کے بھرپوراتحاد کا تصور پیش کیا۔ علامہ اقبال کے کلام میں پوشیدہ فکر کو اجاگر اور عملدرآمد کی شدید ضرورت ہے۔علامہ اقبال نے مسئلہ فلسطین کے حل کی ضرورت اور یہودیوں کی ہولناک سفاکیت کی بروقت نشاندہی کی۔

