ریاض( نمائندہ خصوصی):سعودی وزارتِ داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور غیر قانونی طور پر حج میں معاونت کرنے والوں کے لئے سخت سزاؤں اور جرمانوں کا اعلان کیا ہے، یہ پابندیاں 18 اپریل (یکم ذوالقعدہ) سے شروع ہو کر 14 ذوالحجہ تک نافذ العمل رہیں گی۔سعودی عرب کے میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے فیصلے کے تحت جو افراد بغیر حج پرمٹ کے حج کرنے یا مکہ مکرمہ اور مشعائرِ مقدسہ (مقاماتِ حج) میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے ان پر 20,000 ریال
جرمانہ عائد کیا جائے گا۔وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو غیر قانونی طور پر حج کرانے، انہیں ٹرانسپورٹ فراہم کرنے، رہائش دینے یا مکہ میں چھپانے والوں پر 1,00,000 ریال تک جرمانہ ہوگا۔ یہ جرمانہ ہر ایک اضافی فرد کے حساب سے بڑھتا جائے گا۔غیر قانونی نقل و حمل کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیاں عدالتی حکم کے ذریعے ضبط کر لی جائیں گی۔وہ مقیم غیر ملکی یا ویزہ کی مدت سے زائد قیام کرنے والے افراد جو بغیر پرمٹ حج کریں گے انہیں مملکت سے بے دخل کر دیا جائے گا اور ان پر 10 سال تک سعودی عرب داخلے پر پابندی ہوگی۔وزارتِ داخلہ کے مطابق سزا یافتہ شخص 30 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی میں شکایت درج کرا سکتا ہے اور کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر انتظامی عدالت میں اپیل کرنے کا حق رکھتا ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں مکہ ریجن میں ’’911‘‘ پر اطلاع دیں۔یہ اقدامات حج کے عمل کو منظم بنانے اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے ہیں۔

