لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔ قرارداد پاکستان علیحدہ وطن کے حصول کیلئے آزادی کی جدوجہد میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ یوم پاکستان ہی تحریک پاکستان کا نا قابل
فراموش اور تاریخی آغاز سفر ہے۔ اتحاد،تنظیم،محنت اور دیانت ہی ترقی کے لئے رخت سفر ہے۔ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیاں متقاضی ہیں کہ ہم آزادی کے حقیقی مقاصدکی طرف پیش رفت کریں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے قائد اعظمؒ کے افکار پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔عہد کرتے ہیں پاکستان کو دنیا میں باوقار مقام دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ یوم پاکستان پر وطن عزیز کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔
