اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی) :پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ پاکستان کے پرمسرت موقع پر نیا قومی نغمہ "میری مٹی میری جان” کا پرومو جاری کر دیا ہے۔ یہ نغمہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں سال عید اور یومِ پاکستان کی مشترکہ خوشیاں قومی کامیابیوں کے سائے میں منائی جا رہی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق "میری مٹی میری جان”
محض ایک گانا نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے اجتماعی فخر، سچی پاکستانیت اور مشترکہ جذبوں کی خوبصورت عکاسی ہے۔ یہ نغمہ آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کے بعد قوم کے حوصلوں کو مزید جلا بخشنے اور قومی روح کو بیدار کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔اس نغمے کی خاص بات اس کی جدید موسیقی اور منفرد انداز ہے، جسے خاص طور پر نئی نسل کے ذوق کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔ دلکش کورس اور پُرجوش دھنوں کے ساتھ یہ نغمہ نوجوانوں کے دل کی دھڑکن بن گیا ہے اور ان کے حب الوطنی کے جذبات کو زبان دیتا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ نغمہ نہ صرف یومِ پاکستان کی مناسبت سے اہمیت کا حامل ہے، بلکہ آنے والے دنوں میں بھی یہ قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور ملکی وقار کی علامت بن کر گونجتا رہے گا۔

