لاہور۔:( نمائندہ خصوصی)پاکستان اور ملائشیا کی قیادت نے ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امن کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو
ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گرمجوش گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم، حکومت اور عوام کو عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔داتو سری انور ابراہیم نے بھی نہایت خلوص سے عید کی مبارک باد پیش کی۔ امتِ مسلمہ کے لیے امن و ہم آہنگی کی دعا کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے امن کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

