لاہور( نمائندہ خصوصی+ کیتھیڈرل چرچ آف ریزوریکشن (کیتھیڈرل اسکول ہال) لاہور میں بین المذاہب افطار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کی میزبانی بشپ
آف لاہور، ندیم کامران نے کی جبکہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا گیا۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی حکومتِ پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی
اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں احترام دینا ہمارا آئینی اور اخلاقی فرض ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امن، برداشت اور بھائی چارہ ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں، اور پنجاب حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مذہبی رواداری کو فروغ دے کر ایک مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔بشپ آف لاہور ندیم کامران نے اس موقع پر کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس نوعیت کی افطار تقریبات مختلف مذاہب کے درمیان قربت اور باہمی احترام کو فروغ دیتی ہیں۔

