اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینٹ پیٹرک ڈے کے موقع پر آئرلینڈ کی صدر کیتھرین کونولی اور آئرلینڈ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تعلقات، باہمی احترام، امن اور خوشحالی کی مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینٹ پیٹرک ڈے پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن آئرلینڈ کے لوگوں اور دنیا بھر میں آئرش کمیونٹیز کےلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ یہ تاریخ، عقیدے اور روایات کو منانے اور امن، درگزر اور سخاوت کی اقدار کو برقرار رکھنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بہت سے لوگ اس دن کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں اور اس کے جذبے کو اپناتے ہوئے آئرش ثقافت اور ورثے کو
خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اگرچہ اس دن کو موسیقی، خوشیوں اور آئرش روایات کی گرمجوشی کے ساتھ منایا جاتا ہے لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ان تقریبات سے باہر کی دنیا دکھ اور تکالیف کا شکار ہے۔پورے مغربی ایشیا میں لاکھوں خاندان مسلط شدہ جنگ کی وجہ سے موت، تباہی اور بربادی کا سامنا کررہے ہیں جبکہ ان کے گھر، کام کی جگہیں اور زرعی میدان تباہ ہوچکے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ سینٹ پیٹرک کی اپنی زندگی کی کہانی صرف عقیدے کی داستان نہیں بلکہ تبدیلی، شفاء اور مفاہمت کی علامت بھی ہے۔ سینٹ پیٹرک جنہوں نے قید و بند اور سختیوں کا سامنا کیا، بعد ازاں انتقام کے بجائے معافی اور امید کا پیغام لے کر واپس آئے۔ اس مشکل وقت میں ان کی میراث ہمیں یہ بتاتی ہے کہ انسانیت کا اصل امتحان یہ نہیں کہ ہم کتنی جانفشانی سے لڑتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ ہم کتنی ہمت کے ساتھ امن کے حصول کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، مکالمے، سفارت کاری اور ہر انسانی جان کے وقار کےلئے اپنی وابستگی کی تجدید کرنے کی ترغیب دے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور آئرلینڈ کثیرالجہتی اور امن کےلئے پرعزم ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، امن اور خوشحالی کی مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی بڑھتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آئرلینڈ کی صدر اور آئرش عوام کے لیے سینٹ پیٹرک ڈے کے موقع پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

