لاہور(کرائم رپورٹر )پولیس تھانوں کے روایتی کلچر کو عوامی خدمت مراکز میں تبدیل کیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس کے عوام دوست اقدامات سے شہریوں کو ریلیف مل رہاہے۔ان خیالات کا اظہار سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں قائم کمپلینٹ سیل کے ذریعے شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے حوالے سے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کیا۔ترجمان
لاہور پولیس نے بتایا کہ کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹر کے کمپلینٹ سیل میں رواں سال3083درخواستیں موصول جن میں سے2745درخواستیں نمٹا دی گئیں جبکہ بقایا338 درخواستوں پرکارروائی کی جارہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پورٹل سے موصول ہونے والی31درخواستوں میں سے30نمٹا دی گئیں۔مسائل کے حل کے لئے سی سی پی او آفس آنے والے1147درخواست گزاروں کی1000درخواستیں نمٹائی جا چکیں اور147پر کارروائی کی جا رہی ہے۔اسی طرح بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی1905درخواستوں میں سے1715پر کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے جبکہ بقایا 190درخواستوں پر کام جاری ہے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کمپلینٹ سیل عوام کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہا
کہ کمپلینٹ سیل کے ذریعے عام آدمی کے محکمہ پولیس سے متعلقہ مسائل بلا تاخیر حل کئے جا رہے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی کے لئے اوپن ڈور پالیسی اپنائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بے وسیلہ افراد، بزرگ شہریوں، معذور افراد، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور خواتین کی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ شہریوں سے حسن سلوک کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم کی دادرسی اور انصاف کی فوری فراہمی ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
