اسلام آباد:وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ ہر نوجوان کے لیے لیپ ٹاپ حکومت کا ایک اہم مشن ہے جس کے تحت وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وجیہہ قمر نے مزید کہا کہ پاکستان اب درست سمت میں گامزن ہو چکا ہے اور معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے جس میں نوجوان نسل کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج سرحدوں کی محافظ ہیں اورآپ نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، سب سے پہلے آپ پاکستانی ہیں، اس لیے اس لیپ ٹاپ کو تعلیم و تربیت کے مقاصد کے لیے درست انداز میں استعمال کریں اور جدید
ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں تاکہ آپ نہ صرف اپنے مستقبل کو روشن بنا سکیں بلکہ پاکستان کی ترقی میں بھی موثر کردار ادا کر سکیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کاوشوں سے حکومت پاکستان کی جانب سے اوپن یونیورسٹی کے 2475 طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ موصول ہو چکے ہیں جن میں سے راولپنڈی/اسلام آباد کے 300 طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ باقی طلبہ کو لیپ ٹاپ صوبائی دارالحکومتوں میں منعقدہ تقریبات میں دیئے جائیں گے۔ وائس چانسلر کے مطابق فاصلاتی اور آن لائن نظام تعلیم کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ نہایت ضروری ہیں اور اس سکیم میں شمولیت پر انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے انجینئر نذیر حسین (ایچ ای سی) نے یونیورسٹی کو تقریب کے انعقاد پر اور طلبہ کو لیپ ٹاپ موصول ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ تعلیم و تحقیق کے میدان میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان لیپ ٹاپس کو مثبت اور تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کریں۔یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس نے بھی طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان لیپ ٹاپس کو تعلیمی سرگرمیوں، آن لائن ریسرچ، سکل ڈویلپمنٹ اور جدید علوم کے حصول کے لیے بروئے کار لائیں تاکہ وہ مستقبل میں ایک ذمہ دار اور باصلاحیت شہری بن سکیں۔
