نیوجرسی(نمائندہ خصوصی):فرانس کےمایہ ناز فٹ بالر اور کپتان کیلین ایمباپے نے ایک سے زائد بار عالمی کپ کا گولڈن بوٹ ایوارڈ حاصل کرنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کر دی۔کیلین ایمباپے عالمی کپ کی تاریخ میں ایک سے زائد مرتبہ ٹورنامنٹ کے بہترین گول سکورر کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔شنہوا کے مطابق 23
ویں فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں سپین کے ہاتھوں ارجنٹائن کی 0-1 سے شکست کے دوران لیو نل میسی کے گول نہ کر سکنے کے بعد کیلین ایمباپے نے یہ کامیابی حاصل کی۔ چار سال قبل 8 گولز کے ساتھ یہ اعزاز جیتنے والے کیلین ایمباپے نے اس بار ٹورنامنٹ میں خود 10 گول اور 4 گول کرنے میں معاونت کی جبکہ ان کی ٹیم فرانس نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ دوسری جانب لیونل میسی کا سفر 8 گول اور 4 اسسٹ کے ساتھ ختم ہوا، تاہم اس شکست کے باوجود 39 سالہ لیونل میسی عالمی کپ کے بہترین کھلاڑی کو دئیے جانے والے گولڈن بال ایوارڈ کی دوڑ میں اہم نام سمجھے جا رہے ہیں اور وہ 1978 سے شروع ہونے والے اس ایوارڈ کو ایک سے زائد بار جیتنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔

