لاہور(نمائندہ خصوصی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے معروف سپورٹر چاچا کرکٹ کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی کئی دہائیوں پر محیط وابستگی، جذبے اور وفاداری کو سراہا ہے۔ ترجمان پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ چاچا کرکٹ محض ایک عام مداح نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کی حمایت اور قومی ٹیم سے محبت کی ایک پہچان بن چکے
ہیں۔ بورڈ نے ان کی زندگی بھر کی حمایت اور یادگار لمحات پر شکریہ بھی ادا کیا۔77 سالہ عبدالجلیل، جو دنیا بھر میں چاچا کرکٹ کے نام سے مشہور ہیں، نے رواں سال ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ 4 جون کو لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ کے دوران اپنے ملک میں آخری بار اسٹیڈیم میں بیٹھ کر قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔چاچا کرکٹ گزشتہ کئی دہائیوں سے قومی ٹیم کے میچز میں اپنی منفرد اندازِ حمایت اور سبز ہلالی پرچم کے ساتھ نظر آتے رہے ہیں اور پاکستان کرکٹ کے سب سے نمایاں اور پرجوش سپورٹرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔